اردو
حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما سے روایت ہے وہ فرماتے ہیں
کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرمائے ہیں کہ: دو عادتیں ایسی ہیں کہ جو مرد مسلم ان کی حفاظت
کرے گا تو وہ ضرور جنت میں داخل ہوگا۔ سن لو یہ دونوں (باتیں بہت) آسان ہیں مگر ان پر عمل
کرنے والے کم ہیں (ان میں کی ایک بات یہ ہے) ہر نماز کے بعد (10) دس مرتبہ سُبْحَانَ اللّٰهِ،
(10) دس مرتبہ اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ اور (10) دس مرتبہ اَللّٰهُ اَكْبَرُ پڑھا کرے (راوی نے) فرمایا کہ میں
نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے ہاتھ (کی انگلیوں پر ان تسبیحات) کو شمار کرتے ہوئے
دیکھا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا یہ زبان سے (پانچوں نمازوں کے) ڈیڑھ سو (150)
ہوئے اور (قیامت کے دن وزن میں) میزان میں ایک ہزار پانچ سو ہوں گے (اور دوسری بات یہ
ہے کہ) جب کوئی (بستر پر) سونے کے لئے جائے تو (33) مرتبہ سُبْحَانَ اللّٰهِ (33) مرتبہ
اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ اور (34) مرتبہ اَللّٰهُ اَكْبَرُ پڑھے (جو) سو (100) بار ہوئے اور یہ زبان سے
سو (100) ہوئے اور میزان میں ایک ہزار ہوئے (اس طرح دن رات میں تمہاری ڈھائی ہزار
نیکیاں ہوئیں) تو تم میں کون ہے جو دن اور رات میں دو ہزار پانچ سو برائیاں کرتا ہوگا صحابہ نے
عرض کیا (اتنے آسان عمل کی) ہم کس طرح حفاظت نہیں کریں گے؟ آپ نے ارشاد فرمایا کہ:
شیطان تم میں سے کسی کے پاس نماز کی حالت میں آتا ہے اور (تمہارے دل میں) وسوسہ پیدا کرتا
ہے کہ فلاں چیز یاد کر فلاں چیز یاد کر! یہاں تک وہ نماز سے فارغ ہو جاتا ہے۔ اس وجہ سے ممکن ہے
کہ وہ ان (تسبیحات) کی حفاظت نہ کر سکے۔ اسی طرح (ہو سکتا ہے کہ) وہ (شیطان) اس کے بستر
پر آئے اور اس پر نیند طاری کرتا رہتا ہے یہاں تک (غفلت میں تسبیحات پڑھے بغیر) سو جاتا ہے۔
اس کی روایت ترمذی، ابوداؤد، اور نسائی نے کی ہے۔
اور ابوداؤد میں اسی مفہوم کی ایک اور روایت مروی ہے جس میں کچھ لفظی
اختلاف ہے۔
Possible references (unverified, pending editorial review)
- Candidate: Sunan Abi Dawud 5065 (unverified) 98% confidence
- Candidate: Jami al-Tirmidhi 3410 (unverified) 97% confidence
- Candidate: Sunan al-Nasa'i 1348 (unverified) 95% confidence
Confidence and text similarity are not editorial verification.