اردو
Urdu OCR, pending reviewNoor 520
ابوعلقمہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے
روایت کرتے ہیں کہ آپ نے ایک دن وضوء کے لئے پانی طلب کیا اور حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ
وسلم کے صحابہ کرام میں سے چند حضرات کو بلوا لیا پھر اپنے داہنے ہاتھ میں پانی لے کر بائیں ہاتھ پر ڈالا
اور دونوں ہاتھوں کو تین تین مرتبہ دھویا، پھر تین مرتبہ کلی فرمائی اور تین مرتبہ ناک میں پانی لیا، پھر اپنے
چہرے کو تین مرتبہ دھویا، پھر دونوں ہاتھوں کو کہنیوں سمیت تین تین مرتبہ دھویا، پھر سر کا مسح فرمایا پھر
اپنے دونوں پیروں کو ٹخنوں سمیت دھویا اور صاف کیا پھر فرمایا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو
بالکل اسی طرح وضوء فرماتے دیکھا ہے جس طرح تم نے مجھے اب وضوء کرتے دیکھا ہے۔ پھر
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے وضوء کیا اور اچھی طرح وضوء کیا، پھر دو رکعت (تحیۃ
الوضوء) پڑھ لیں تو وہ اپنے گناہوں سے اس طرح پاک ہوگا جیسے وہ اس دن پاک تھا جس دن اس کی
ماں نے اسے جنا تھا، پھر عثمان رضی اللہ عنہ نے (حاضرین صحابہ میں سے) ایک سے پوچھا کہ: اے
فلاں کیا ایسا ہی ہوا ہے نا؟ انہوں نے جواب دیا: جی ہاں! ایسا ہی ہوا ہے، پھر آپ نے دوسرے سے
پوچھا بات ایسی ہی ہے نا؟ تو انہوں نے بھی جواب دیا جی ہاں، یہاں تک کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
کے صحابہ کرام میں سے چند حضرات کی (اس بات پر) گواہی لے لی، پھر فرمایا اللہ بزرگ و برتر کا شکر
ہے کہ تم نے اس معاملہ میں میری تائید کی۔ (اس کی روایت دارقطنی نے کی ہے۔)